پرینکا گاندھی نے ریاستی کانگریس دفتر میں’انتی ودھان جن گھوشنا پتر‘ جاری کیا
کانگریس کا حکومت سازی کے 10دنوں کے اندر کسانوں کے قرض معافی کا اعلان
لکھنؤ:فروری۔ کانگریس نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے انتخابی منشور’انتی ودھان جن گھوشنا پتر‘ میں حکومت بننے پر 10دنوں کے اندر کسانوں کا پورا قرض معاف کرنے اور نوکریوں میں خواتین کو 40فیصدی ریزرویشن دینے جیسے متعدد پرکشش وعدوں کو شامل کیا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈر نے بدھ کو ریاستی کانگریس دفتر میں’انتی ودھان جن گھوشنا پتر‘ جاری کیا۔اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجئے کمار للو اور سابق ریاستی صدر سلمان خورشید سمیت دیگر لیڈروں کی موجودگی میں انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے چھتیس گڑھ میں حکومت بننے کے تین گھنٹوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کیا گیا اسی طرح اترپردیش میں بھی قرض معافی کی جائے گی۔واڈرا نے کہا کہ کانگریس کا دوسرا بڑا اعلان اترپردیش میں 20لاکھ روزگار دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ابھی 12لاکھ سرکاری اسامیاں خالی ہیں۔ ان اسامیوں کو پُر کر آتھ لاکھ روزگار کے اضافی مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تین ودھان پتر(انتی ودھان، شکتی ودھان اور بھرتی ودھان)کے طور پر اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے۔ واڈرا نے کہا کہ کانگریس لیڈروں نے پورے صوبے میں گھوم کر عوام کے مسائل کی نشاندہی کر کے یہ منشور تیار کیا ہے۔ یہ عوام کی آواز کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کسانوں کی قرض معافی، نوکریوں میں خواتین کو 40فیصدی ریزرویشن اور 20لاکھ روزگار کے علاوہ کسانوں کو آوارہ موشیوں کے مسائل سے نجات دینے کے بھی پختہ انتظامات کئے جائیں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس کے لئے چھتیس گڑھ کی طرز پر اترپردیش میں آوارہ مویشیوں کے مسائل سے کسانوں کو نجات دلانے کے لئے’گودھن اسکیم‘ کا آغاز کریں گے۔ اس کے تحت دو روپئے فی کلو گرام کی شرح سے حکومت کسانوں سے گوبر خریدے گی۔ اس گوبر سے آرگنک کھاد بنا کر کسانوں کو سستی شرحوں پر فروخت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ چھتیس گڑھ میں کافی کارگر ثابت ہوا ہے۔اس سے کسانوں کو آوارہ مویشیوں سے نجات بھی ملی اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔واڈرا نے کہا کہ کانگریس کے ’انتی ودھان‘ میں مزدوروں اور ملازمین کی آوٹ سورسنگ سے تعیناتی کو پوری طرح بند کر کے سبھی ملازمین کی پرماننٹ تقرری کرنی کی بات کہی گئی ہے۔ اس کے تحت مستقبل میں سبھی تقرریوں کو کنٹراکٹ کے بجائے مستقل تقرریاں کی جائیں گی۔ ساتھ ہی موجودہ کنٹراکٹ ملازمین کو پرماننٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹ پر تدریس کے فرائض انجام دینے والے ٹیچروں اور شکچھامتروں کو پرماننٹ کر کے ان کے اعزازیہ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی اسکولوں میں سنسکرت اور اردو ٹیچروں کی خالی اسامیوں پر تقرریاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خاتون پولیس اہلکار سب سے زیادہ اپنی تعیناتی کے سلسلے میں پریشان ہیں۔ اس کے لئے کانگریس کی حکومت بننے پر خاتون پولیس اہلکار کو ان کے آبائی ضلع میں تعیناتی دی جائے گی۔ساتھ ہی کانگریس نے حکومت بننے پر گرام پردھانوں کی تنخواہ چھ ہزار روپئے اور چوکیداروں کی تنخواہ پانچ ہزار روپئے فی ماہ کئے جانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر ریٹائرڈ فوجیوں، بنکروں اور کاریگروں کے لئے قانون ساز کونسل میں سیٹیں ریزرو کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ میڈیا نمائندوں کے خلاف درج کئےے گئے جھوٹے مقدمے واپس ہونگے اور جیل میں بند صحافیوں کو رہا کیا جائے گا۔واڈرا نے کہا کہ کسانوں سے دھان اور گیہوں 2500 روپئے فی کوئنٹل اور گنا 400 روپئے فی کوئنتل کی شرح سے خریدا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گھریلوبجلی صارفین کا بل نصف کرنے اور کورونا بحران کا بقایہ بجلی بل معاف کیا جائےگا۔اس کے علاوہ کورونا وبا سے متاثر کنبوں کو 25ہزار روپئے کی مالی مدد دی جائے گی۔ ساتھ ہی 10ویں اور 12ویں کے طالبات کو اسمارٹ فون اور گریجویشن کی طالبات کو الکٹرک اسکوٹی دی جائے گی۔