ایس پی، بی ایس پی کی حکومتوں نے ماہی گیروں کو پٹہ دینے کے کام بند کرنے کی کوشش کی تھی: یوگی
لکھنو، دسمبر۔ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) پر ماہی گیر برادری کو پٹے دینے کے کام بند کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔یوگی نے جمعہ کو یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور نشاد پارٹی کی طرف سے منعقدہ’سرکار بناو ادھیکار ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایس پی اور بی ایس پی کی حکومتوں نے نشاد برادری کے مفادات کو سخت نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ ایس پی، بی ایس پی کی حکومتوں نے ماہی گیروں کو پٹہ دینے کا کام بند کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ہماری حکومت ماہی گیر سماج کو فش فارمنگ کے لئے پٹہ دینے کا کام کررہی ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، اترپردیش کے نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ اور نشا د پارٹی کے صدر ڈاکٹر سنجے نشاد اور ریاستی بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ بھی موجود تھے۔یوگی نے ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس پر ملک کی سلامتی کو سنجیدگی سے نہیں لینے کا بھی الزام لگاتے ہوئے کہاکہ یہ پارٹیاں صرف ذاتی مفادات کو پور ا کرنے کی خاطر مافیا عناصر کو فرو غ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کون ایسا ہندستانی ہوگا جو ہندستان کی سلامتی کے تئیں بیدار نہیں ہوگا لیکن کانگریس، بی ایس پی اور ایس پی نے کبھی ملک کی سلامتی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔