بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم ڈھاکہ پہنچی
ڈھاکہ، نومبر۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم اب ڈھاکہ پہنچ گئی ہے۔ یہاں وہ بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بنگلہ دیش آئی ہے۔ ٹیم ہفتہ کی صبح ڈھاکہ پہنچ گئی۔ ٹیم کے تمام ممبران کا اب ان کے کمروں میں کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جس میں رپورٹ نگیٹیو آنے کے بعد وہ فوری طور پر اپنی پریکٹس شروع کر سکیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو بی سی بی نےدورہ پاکستان کے لیے قرنطینہ ضابطے میں نرمی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت کھلاڑیوں کو کوارنٹین سےراحت دی گئی تھی۔ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کے دورے سے نام واپس لینے کے بعد ان کی جگہ افتخار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک 16 نومبر کو ٹیم میں شامل ہوں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل 2015 میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور پھر اس نے دو سیریز جیتی تھیں۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں تین ۔صفر اور واحد ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی تھی ۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ایک ٹیسٹ میچ ڈرا رہا تھا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا، تینوں میچز بالترتیب 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکہ کے میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد دو ٹیسٹ بالترتیب چٹگام اور میرپور میں ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 نومبر جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔