موسے والا قتل کیس میں اہم شوٹر سمیت تین گرفتار

نئی دہلی، جون۔دہلی پولیس نے پیر کو بتایا کہ اس نے پنجاب کے مشہور گلوکار سدھو موسے والا قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں سپاری لے کر قتل کرنے والے تین لوگوں کو گرفتارکیا ہے۔پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔دہلی پولیس کے مطابق، اس کے خصوصی سیل نے گرفتار افراد کا نام پریا ورت فوجی، کشش عرف کلدیپ اور کیشو بتایا ہے اور کہا ہے کہ یہ تینوں شارپ شوٹرز کے ماڈیول کے طور پر جرائم کرتے رہے ہیں۔پولیس کے مطابق فوجی کو گجرات کے مُندرا سے گرفتار کیا گیا۔ وہ اس ماڈیول کا مرکزی شوٹر بتایا جا رہا ہے اور موسے والا کے قتل کے وقت وہ بولیرو گاڑی میں بھی موجود تھا۔ اس کے پاس سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گلوکار سے سیاستدان بنے سدھو موسے والا کو 29 مئی کو پنجاب کے ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے 2022 کے پنجاب قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

Related Articles