ریاستی حکومت کووڈ کے سبھی مریضوں کو بہتر علاج دینے کے لئے پرعزم : وزیر اعلیٰ

ڈور ٹو ڈور سروے کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت

لکھنؤ: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاستی حکومت کووڈ کے سبھی مریضوں کو بہتر علاج دینے کے لئے پرعزم ہے۔ اس کے پیش نظر کووڈ اسپتالوں کے انتظامات کوچست درست بنائے رکھا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مریضوں کو ہر حال میں معیاری علاج ملے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ کووڈ اسپتالوں میں بستروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ اس طرح کیا جائے جس سے اضافی بستروںکا انتظام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بستروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سبھی ضروری طبی آلات اور انسانی وسائل کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سبھی اضلاع میں پوری فعالیت سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہوم آئی سو لیشن میں رہنے والے کووڈ مریضوں کو اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعہ باضابطہ رابطہ بنا کر ان کی صحت کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ ‘108’ اور اے ایل ایس ایمبولینس خدمات کی گاڑیاں مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ انہوں نے لکھنؤ اور کانپور اضلاع میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں طبی نظام کو مستحکم بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانٹریکٹ ٹریسنگ کے ذریعہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ اس کے پیش نظر کانٹریکٹ ٹریسنگ پر زیادہ سے زیادہ زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کام انتہائی منظم انداز میں ہونا چاہئے۔ ڈور ٹو ڈور سروے کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق اس ضمن میں اضافی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے سروے ٹیموں کو ڈور ٹو ڈور جاکر اہداف مقرر کرکے کام کی موثر نگرانی کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر کسان کو اپنی ضرورتوں کے مطابق بروقت کھاد مل جائے۔ ریاستی حکومت ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کرکے کسانوں کے مفادات کے ساتھ کھیلواڑکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایس اے کے تحت کھاد بلیک مارکیٹنگ کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے سرمایہ کاروں کے ساتھ مستقل رابطے کو برقرار رکھا جائے۔ سرمایہ کاروں کے مسائل کا بروقت تصفیہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا۔ گریٹر نوئیڈا کے علاقے میں زیادہ بارش کے سبب کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے۔ اس مسئلے کے تصفیہ کے لئے ایک ایسا نظام بنایا جائے جس سے پانی جمع نہ ہو سکے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایکشن پلان تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کی ہدایت دی۔
اس موقع پر وزیرصحت جناب جے پرتاپ سنگھ ،چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری، کمشنرانفراسٹرکچر وصنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ، کمشنر زرعی پیداوار جناب آلوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ وا طلاعات جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ، ایڈیشنل چیف سکریٹری دیہی ترقیات اور پنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار ، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ،ڈائر کٹر اطلاعات جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

Related Articles