اینڈرسن نے ٹیسٹ میں 650 وکٹیں مکمل کیں

ناٹنگھم، جون۔سوئنگ گیندبازی کے بے تاج بادشاہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 650 وکٹیں مکمل کرتے ہوئے اپنے شاندار کرکٹ کیریئر میں ایک اور ریکارڈ حاصل کیا۔ اینڈرسن نے یہ ریکارڈ اس وقت بنایا جب انہوں نے پیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن ٹام لیتھم کو آؤٹ کیا۔ ٹرینٹ برج ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 553 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ نے 539 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز کرنے آئے لیتھم کو اینڈرسن نے پہلے ہی اوور میں چار رنز کے اسکور پر آوٹ کیا۔ اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 171 میچوں میں 318 اننگز کھیل کر 26.47 کی اوسط سے 650 وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے 31 مرتبہ پانچ وکٹیں اور تین مرتبہ دس وکٹیں حاصل کیں۔ینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کو ایشز 22-2021میں انگلینڈ کی چار۔صفر سے شکست کے بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا، لیکن میکلم- اسٹوکس ایرا میں دونوں گیندبازوں نے نیوزی لینڈ کی سیریز کے لیے واپسی کی ہے۔ اینڈرسن نے اس سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک دو میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

Related Articles