راہل اور کلدیپ یادو آؤٹ، رشبھ پنت کپتانی سنبھالیں گے

نئی دہلی، جون۔ٹیم انڈیا کے کپتان کے ایل راہل دائیں کمر کی چوٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ کلدیپ یادو کل شام نیٹ پریکٹس میں بلے بازی کے دوران دائیں بازو میں چوٹ لگ جانے کی وجہ سے اس سیریز کو نہیں کھیل سکیں گے۔ راہل کے زخمی ہونے کے بعد نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت ہندوستان کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز کے لیے رشبھ پنت کو کپتان اور آئی پی ایل کے فاتح ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان بنایا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے راہل اور کلدیپ کی جگہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ دونوں کرکٹر اب این سی اے کو رپورٹ کریں گے جہاں میڈیکل ٹیم ان کا مزید معائنہ کرے گی اور آگے کے علاج کی کارروائی طے کرے گی۔ 9 جون کو ہونے والے میچ کے موقع پر یہ معلومات دیتے ہوئے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کے ایل راہل اور اسپنر کلدیپ یادو زخمی ہونے کی وجہ سے پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ راہل کی غیر موجودگی میں نائب کپتان رشبھ پنت اب ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں گجرات ٹائٹنز کو اپنا پہلا خطاب دلانے والے ہاردک پانڈیا کو ٹیم کا نائب کپتان منتخب کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے بتایا کہ زخمی کھلاڑیوں کے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے۔ راہل اور کلدیپ اب انجری سے صحت یاب ہونے کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) جائیں گے۔ ریگولر کپتان روہت شرما کو آرام دینے کے بعد راہل کو اس سیریز کے لیے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔ وراٹ کوہلی کو بھی آرام دیے جانے کے بعد ہندوستان اب اپنے باقاعدہ ٹاپ آرڈر کے بغیر اس سیریز میں اترے گا۔ ایشان کشن، وینکٹیش آئیر اور رتوراج گائیکواڈ اوپننگ کی ذمہ داری ادا کرسکتے ہیں جبکہ دیپک ہڈا اور شریس آئر مڈل آرڈر میں موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم: رشبھ پنت (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، ایشان کشن، رتوراج گائیکواڈ، دیپک ہڈا، شریس آئیر، وینکٹیش آئیر، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، یوجویندر چہل، ہرشل پٹیل، روی بشنوئی، بھونیشور کمار، محمد سمیع، آویش خان، ارشدیپ سنگھ اور عمران ملک۔

Related Articles