ویسٹ انڈیز کے دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نیا سیزن شروع ہوگا، رمیز
کراچی،نومبر۔پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے جمعرات کے روز ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی 2 سیریز کھیلیگی۔پی سی بی کا کہنا ہیکہ دونوں سیریز کے تمام میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ اپریل 2018 کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ستمبر ، اکتوبر میں سیریز منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملک میں موجود فینز کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ کے مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا دلچسپ اور سنسنی خیز سلسلہ شروع ہوگا جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن فروری 2022 میں کھیلا جائے گا جبکہ آسٹریلیا کا مکمل دورہ پاکستان بھی شیڈول ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے اگلے سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔آسٹریلوی ٹیم نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد سے پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف اپنی تمام ہوم سیریز نیوٹرل مقامات پر کھیلی ہیں۔