ملک میں اناج کی بہتات، لیکن اس کا فائدہ چھوٹے کسانوں تک نہیں ملا:گورنر

کوئمبٹور، نومبر۔ تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستان میں غذائی اجناس کی پیداوار بہت زیادہ ہے لیکن اس کا فائدہ ان کسانوں تک نہیں پہنچا ہے جو چھوٹے کسان ہیں اور جن کا ذریعہ معاش زراعت پر مبنی ہیں۔یہاں تمل ناڈو ایگریکلچرل یونیورسٹی کے 42ویں کنوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بڑی عجیب صورتحال ہے کہ ملک میں فصلوں کی پیداوار تو بہت زیادہ ہورہی ہے، پھر بھی زیادہ تر کسان غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کی وجہ متضاد زراعتی پالیسیاں ہیں۔ ان سے بڑے کسانوں کو تو فائدہ ہوا ہے، لیکن زیادہ تر چھوٹے یا درمیانے درجے کے کسانوں کو ان پالیسیوں سے زیادہ فائدہ نہیں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی معیشت کو بہتر بنانے اور کسانوں کی مجموعی بہبود کے مشن پر کام کررہے ہیں۔ اس سمت میں کئی اقدامات کیے گئے ہیں جیسے جن دھن یوجنا، براہ راست فوائد کی منتقلی اور زراعتی مصنوعات کے لیے ایم ایس پی میں اضافہ وغیرہ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے زراعتی سائنسدانوں نے غذائی اجناس کی پیداوار میں ضرورت سے زیادہ اضافہ کرکے ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے، لیکن اب زراعت کو مزید جامع، مسابقتی اور متنوع بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔

Related Articles