ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت سے میچ سے قبل نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا

گپٹل کا انجری کے باعث کھیلنا غیر یقینی

دبئی، اکتوبر۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا اگلا مقابلہ اتوار 31 اکتوبر کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس میچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ ٹیم کے اوپنر بلے باز مارٹن گپٹل پیر کی چوٹ کے باعث کھیلنا تقریباً غیر یقینی ہو چکے ہیں۔ اس کے پیش نظر نیوزی لینڈ کو بھارت کے ساتھ بڑے میچ میں نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ روز شارجہ کے گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں گپٹل نے 17 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ میچ کے پاور پلے میں حارث رؤف کی گیند پر گپٹل کے پیر کو چوٹ لگ گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم یہ میچ پاکستان کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے ہار گئی۔ میچ کے بعد نیوزی لینڈ کے کوچ گیری سٹیڈ نے کہا کہ کھیل کے اختتام پر زخمی ہونے والے گپٹل قدرے غیر آرام دہ لگ رہے تھے اور ہم ان کی انجری پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آنے والے 24 سے 48 گھنٹوں میں چوٹ کے بارے میں کہنا مشکل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن پہلے ہی پٹھوں میں تکلیف کے باعث زخمی ہیں اور اسی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف میچ میں نہیں کھیلے تھے۔

Related Articles