ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ 2021 میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوگی: گراہم ریڈ

بنگلورو ، اکتوبر ۔ ہندوستان کی جونیئر مین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ گراہم ریڈ نے کہا ہے کہ 24 نومبر سے ہندوستان میں شروع ہونے والے آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ انڈیا 2021 میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی بھونیشور میں گھریلومیدان پر دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ہندوستانی ٹیم فی الحال یہاں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) میں منعقدہ کیمپ میں ورلڈ کپ ٹائٹل کے دفاع کے لیے بائیو ببل میں تربیت لے رہی ہے۔ ٹیم کی ٹریننگ کی نگرانی کرنے والے ہیڈ کوچ ریڈ نے کہا کہ یقینی طور پر کھلاڑیوں میں بہت زیادہ جوش و خروش ہے اور تھوڑی سی بے چینی بھی ہے کیونکہ ابھی ہم نے حتمی ٹیم کا انتخاب نہیں کیا جو جونیئر ورلڈ کپ میں کھیلے گی لیکن سبھی کھلاڑی جوش میں ہیں اور بھونیشور میں کھیلنے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
ریڈ نےمزید کہا ، "ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا ہے ۔میں ہمیشہ کھلاڑیوں سے کہتا ہوں کہ وہ ایک وقت میں صرف ایک میچ کے بارے میں سوچیں اور ٹورنامنٹ میں کسی بھی پوائنٹ پر تب تک خود کو آگے نہ سمجھے جب تک ہم وہ مقام حاصل نہیں کرلیتے جو ہم نے مقرر کیا ہے۔ ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم بھونیشور میں کچھ اچھے پریکٹس میچ کھیلیں تاکہ کھلاڑیوں کو پچ کا احساس ہو اور میں کچھ یورپی ٹیموں کے کوچوں سے بات کر رہا ہوں تاکہ یہ دیکھ سکوں کہ ہم بھونیشور پہنچنے کے بعد ان کے ساتھ دوستانہ میچ کھیل سکتے ہیں یا نہیں۔ ‘‘

Related Articles