بھوپیش نے نصف قیمتوں پر ادویات دستیاب کرانے والے 84 میڈیکل اسٹورز کا افتتاح کیا
رائے پور اکتوبر۔ چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مریضوں کو ایم آر پی سے نصف سے بھی کم قیمت پر ادویات فراہم کرنے کے لیے آج 84 میڈیکل اسٹورز کاافتتاح کیا۔ شری دھنونتری جینرک میڈیکل اسٹور اسکیم کے تحت کھولے گئے ان میڈیکل اسٹورز پر مریضوں کو سستی قیمتوں پر معیاری ادویات دستیاب ہوں گی۔ صارفین کو ادویات کی ایم آرپی پر کم از کم 50.09 فیصد اور زیادہ سے زیادہ 71 فیصد رعایت کافائدہ ملے گا۔ مسٹر بگھیل نے اس موقع پر ادویات کی ہوم کٹ اور ٹریول کٹ بھی جاری کی۔ یہ کٹ شری دھنونتری جینرک میڈیکل اسٹور پر فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔ ادویات کی ہوم کٹ کی قیمت 691 روپے ہے، جو ان میڈیکل اسٹور میں 290 روپے پر اور ٹریول کٹ جس کی قیمت 311 روپے ہے، وہ 130 روپے میں دستیاب ہوگی۔ اربن ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چلائی جانے والی اس اسکیم میں آنے والے وقت میں ریاست کے 169 شہروں میں 190 میڈیکل اسٹورز شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان میڈیکل اسٹورز پر 251 اقسام کی جینرک ادویات اور 27 سرجیکل مصنوعات کی فروخت لازمی ہوگی۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کی سنجیونی مصنوعات، کاسمیٹکس مصنوعات اور بچوں کے کھانے وغیرہ بھی فروخت کیے جائیں گے۔ ان میڈیکل اسٹورز سے دستیاب جینرک ادویات برانڈڈ کمپنیوں کی ہوں گی جوسستی کے ساتھ ساتھ معیاری بھی ہوں گی۔