نولاکھ دیپوں سے روشن ہوگی اجودھیا:یوگی

لکھنؤ:اکتوبر۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم و وزیر اعلی رہائش اسکیم کے تحت شہری علاقے میں نو لاکھ غریب کنبوں کو گھر دئیے جاچکے ہیں۔ اس دیوالی پر ان کنبے کے گھر میں داخلے کی خوشی پر اجودھیا میں ہونے والے دیپ اتسو میں نولاکھ مٹی کے دئیے جلائے جائیں گے۔ یہ دیپ اجودھیا کے پرجا پتی سماج کے ذریعہ ہی بنائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی حکومت کی جانب سے شہری و دیہی علاقوں میں دئیے گئے 42لاکھ رہائش گاہوں میں بھی ایک ایک مٹی کا دیپ جلایا جائےگا۔ بی جے پی پسماندہ سماج کے سماجی نمائندہ سمیلن کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر یوگی نے اتوار کو کہا کہ اس بار دیوالی میں بیرون ممالک سے آئیے لکشمی گنیش کی مورتی کو نہیں بلکہ اپنے مٹی سے وابستہ کاریگروں کی بنائی مورتی سے پوجا ہونی چاہئے۔ اس مہم کے ساتھ ہم سب کو جڑنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سال 2014 میں وزیر اعظم مودی نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کا فارمولہ دیا تھا۔ لیکن گذشتہ حکومتیں سب کا ساتھ اپنا وکاس کے نعرے پر کام کررہی تھیں۔ گذشتہ حکومتیں ساتھ سب کا چاہتی تھیں لیکن ترقی اپنا کرت تھیں۔ خصوصی ایام اور تیوہاروں میں جب کمائی کا وقت آتا تھا تو ریاست کو فسادات کی آگ میں جھونک دیا جاتا تھا۔اس سے ریاست پچھڑتا چلا گیا۔ مٹی کے کاریگروں کا کاروبار چوپٹ ہوگیا۔ آج حکومت دبے کچلے لوگوں کی آواز کو ایک آواز دے رہی ہے۔ ان کو آگے بڑھانے کا کام کررہی ہے۔ مٹی آرٹ بورڈ کے ذریعہ سے اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کے چہرے پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پرجا پتی سماج کے لوگوں کے بنائے مٹی کے برتن فروخت نہیں ہوتے تھے۔ سال 2017 میں ہماری حکومت آنے کےبعد جان لیوا پلاسٹک پر پابندی عائد کی گئی۔ مٹی سے وابستہ کاریگروں کو پہچان دینے کے لئے مٹی آرٹ بورڈ کی تشکیل کی گئی۔ کاریگروں کو برتن بنانے کے لئے مفت الکٹرک چاک تقسیم کئے گئے۔ اس سے جو کاریگر پہلے 70برتن بناتے تھے وہ 400برتن تیار کرنے لگے۔مٹی آرٹ بورڈ کی جانب سے منعقد نمائش کے ذریعہ ان کے کنبے کو بڑھاوا دیا گیا۔ حکومت کی اسکیم پرجا پتی سماج اور مٹی سے وابستہ کاریگروں کے لئے بااختیاری کی بنیاد بنی۔

Related Articles