خواتین کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے: شیوراج

برہان پور، اکتوبر۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ریاست کی خواتین کو سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خود کفیل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مسٹر چوہان نے یہ بات برہان پور اسمبلی حلقہ کے فوفنار میں کھنڈوا لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار دنیشور پاٹل کی حمایت میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے ہم خواتین کو خود کفیل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ہدف یہ ہے کہ خواتین کو ایک ماہ میں کم از کم دس ہزار روپے کمانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین خود کفیل ہوں گی تو ریاست کی ترقی تیز ہوگی۔کسانوں کی محنت کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کسان بھائیوں اور بہنوں کی محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پردھان منتری کسان سہایتا یوجنا میں چھ ہزار روپے کی رقم میں انہوں نے اپنی طرف سے چار ہزار روپے کا اضافہ کرکے اسے دس ہزار روپے کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان محنت کریں ، ان کی محنت کا مکمل احترام کیا جائے گا۔ کسانوں، غریبوں اور ہر طبقے کی فلاح و بہبود ہمارا نصب العین ہے۔مسٹر چوہان نے بتایا کہ اگر معاشی طور پر کمزور گھرانوں کے ہونہار بچے میڈیکل ، انجینئرنگ ، آئی آئی ایم جیسے اعلیٰ اداروں میں داخلہ لیتے ہیں تو ہماری حکومت ان کی فیس ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان یوجنا کے تحت نہ صرف سرکاری ہسپتال بلکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی 5 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت موجود ہے۔ ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر غریب کو روٹی ، کپڑا اور مکان کے ساتھ مناسب علاج ملے۔

 

Related Articles