بولی وڈ اداکارہ شریا سرن کا بیٹی کی پیدائش 9 ماہ تک خفیہ رکھنے کا اعتراف
ممبئی،اکتوبر۔’درشیام‘ سمیت متعدد مقبول بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی 39 سالہ اداکارہ شریا سرن نے 9 ماہ تک بیٹی کی پیدائش خفیہ رکھنے کے بعد حال ہی میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس بیٹی کو جنم دیا تھا۔بولی وڈ اداکارہ نے 11 اکتوبر کو انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے روسی شوہر آندرے کوشیف کے ہمراہ مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں دونوں بیٹی کے ہمراہ دکھائی دیے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی بیٹی کئی ماہ کی ہیں لیکن انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں ان کی عمر نہیں بتائی تھی۔تاہم بعد ازاں انہوں نے ’‘ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں تصدیق کی کہ ان کی بیٹی کی عمر 9 ماہ ہے اور انہوں نے بچی کو یورپی ملک اسپین کے شہر بارسلون میں جنم دیا تھا۔شریا سرن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کے ہاں نارمل ڈیلیوری ہوئی تھی اور وہ گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث تقریباً گھر تک ہی محدود رہی تھیں۔بولی وڈ اداکارہ کے مطابق انہوں نے بیٹی کا نام ’رادھا‘ رکھا ہے جو ان کے روسی شوہر کو بہت پسند ہے۔شریا سرن نے بتایا کہ وہ کافی عرصے بعد اسپین سے بھارت آئی ہیں اور اب وہ جلد ہی تامل، تیلگو اور ہندی زبان کی فلموں کی شوٹنگ شروع کرنے والی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ دوران حمل اور بچی کی پیدائش کے بعد ان کا وزن کافی بڑھ گیا تھا اور انہوں نے کافی محنت کے بعد خود کو فٹ کیا ہے اور جلد ہی وہ اسکرین پر ایکشن میں دکھائی دیں گی۔شریا سرن نے 2001 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا، ابتدائی طور پر انہوں نے تامل اور تیلگو فلموں میں کام کیا اور وہ جنوبی بھارتی انڈسٹری کی سپر اسٹار مانی جاتی ہیں۔شریا سرن نے بولی وڈ فلموں ’تھوڑا تم بدلو، تھوڑا ہم، آوارہ پن، تجھے میری قسم، شکریہ، مشن استبول، نہ گھر کے نہ گھاٹ کے اور درشیام‘ سمیت دیگر فلموں میں بھی کام کیا۔تقریبا 7 درجن کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی شریا سرن نے جولائی 2018 میں روسی شہری آندرے کوشیف سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ 2019 کے اختتام پر بھارت سے یورپ چلی گئی تھیں اور اب بیٹی کی پیدائش کے بعد انڈیا لوٹی ہیں۔