شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے اسٹریمنگ حقوق حاصل کرنے کیلئے ڈیجیٹل کمپنیوں میں سخت مقابلہ

ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ کی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد اداکار کی نئی فلم ’جوان‘ کی شاندار کامیابی کے بھی آثار نمایاں ہیں۔اس لیے تمام بڑی او ٹی ٹی کمپنیوں کے درمیان اس فلم کی اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کرنے کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے۔میڈیا کی رپورٹس میں قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے درمیان ابھرتی ہوئی اس جنگ کے بارے میں کچھ تفصیلات شیئر کیں۔ذرائع کے مطابق، عالمی سطح پر فلم ’جوان‘ کی ریلیز کے لیے مداحوں کے بے صبری سے انتظار اور اس کے میگا بجٹ کی وجہ سے ریلیز سے قبل ہی اسے ایک کامیاب فلم کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ فلم صرف ہندی نہیں بلکہ کئی مختلف زبانوں میں ہے اور اس وجہ سے اس فلم کو دیکھنے کے لیے ملک کی ساری عوام دلچسپی لے گی تو ایسی فلم کی اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کرنا کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ایک بہت بڑی جیت ہے۔اس حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کے مطابق، نیٹ فلکس شاہ رخ کی اس فلم کی اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کرنے کے بہت قریب ہے۔یاد رہے کہ نیٹ فلکس اور شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ کا برسوں پرانا تعلق ہے اور اس مشہور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے پاس اداکار کے پروڈکشن ہاؤس کے تقریباً 20 ٹائٹلز پہلے سے ہی موجود ہیں۔ایکشن سے بھرپور فلم’جوان‘ رواں سال 2 جون کو تمام سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

Related Articles