شاہ رخ خان کا بیٹے آرین کے ’حد سے زیادہ مہنگے‘ کپڑوں کے برانڈ پر کیا کہنا ہے؟
ممبئی،مئی۔بالی وڈ کے ‘بادشاہ’ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آرین خان کے مہنگے ملبوسات پر ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ’کچھ کرتا ہوں۔‘انھوں نے اس کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ‘جوان’ کے بارے میں بات کی اور اس کے علاوہ مداحوں کے مختلف سوالوں کے جواب دیے۔شاہ رخ خان گذشتہ شب ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے سوال کے جواب میں سرگرم نظر آئے جس کی وجہ سے ’آسک ایس آر کے‘ کئی گھنٹوں تک انڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ رہا۔ایک مداح نے شاہ رخ خان سے اپیل کی کہ یہ ’ڈی یا وول ایکس‘ کی جیکٹ ایک، دو ہزار میں بنا دیں ورنہ اصل والی خریدنے میں ’گھر چلا جائے گا۔‘ خیال رہے کہ یہ کپڑوں کا برانڈ شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کا ہے۔اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے لکھا: ‘ڈی یا وول ایکس’ والے لوگ مجھے بھی سستی نہیں بیچ رہے ہیں۔۔۔ کچھ کرتا ہوں۔‘اداکار شاہ رخ خان نے پہلی بار اپنے بیٹے آرین خان کے کپڑوں کے برانڈ ’ڈی یا وول ایکس‘ کی قیمتوں کے تعین پر ردعمل کا اظہار کیا۔برانڈ کے آغاز کے بعد لوگوں نے کہا تھا کہ اس کی قیمتیں ’مضحکہ خیز حد تک مہنگی‘ ہیں۔سوشل میڈیا پر بعض صارفین کے پیغامات کے مطابق اس برانڈ کی شرٹ 25 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہیں جبکہ جس جیکٹ کے ساتھ شاہ رخ خان خود ماڈلنگ کر رہے ہیں وہ دو لاکھ روپے سے زیادہ کی ہے۔گذشتہ ماہ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آرین خان نے اپنا کپڑوں کا برانڈ لانچ کیا۔ اس کی لانچ کے لیے انھوں جو اشتہار بنایا اس میں انھوں نے شاہ رخ خان کو لیا اور اس کی خود ہدایت کاری کی جو کہ ان کی پہلی ہدایت کاری تھی۔اپنے والد کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے آرین نے ہارپرز بازار کو بتایا تھا کہ ’والد کے ساتھ کام کرنا کبھی بھی مشکل نہیں ہوتا، کیونکہ وہ اپنے تجربے اور لگن کے ساتھ سیٹ پر سب کے کام کو آسان بنا دیتے ہیں۔‘’وہ پورے عملے کو مطمئن اور پرسکون محسوس کراتے ہیں اور سب کے لیے احترم کا جذبہ رکھتے ہیں۔ جب وہ سیٹ پر ہوتے ہیں تو میں ہمیشہ اس بات کو یقینی بناتا ہوں کہ اضافی توجہ دوں، تاکہ میں کچھ سیکھنے سے محروم نہ رہ جاؤں۔‘بہر حال آرین کے برانڈ کی قیمتوں پر اس سے قبل بھی بات ہوتی رہی ہے۔ انسٹاگرام فیشن اکاؤنٹ ڈائیٹ سبیا کے مطابق ایک سفید ڈیزائن والی پرنٹ ٹی شرٹ کی قیمت 24,400 روپے تھی جبکہ ایک سیاہ ہوڈی کی قیمت 45,500 روپے جبکہ آرین کی ویب سائٹ پر ایک جیکٹ کی قیمت 2 لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔
فلم جوان کی باتیں:شاہ رخ خان در اصل اپنی فلم ’جوان‘ کے سلسلے میں بات کرنے آئے تھے جو کہ ان کے مطابق اب سات ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔مداحوں نے شکایت کی کہ اس فلم کے ٹیزر میں ان کا چہرہ نظر نہیں آیا تو انھوں نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی اور اپنے جانے پہچانے شرارتی انداز میں لکھا کہ ’ہدایتکار اور پروڈیوسر کو نہیں بتانا‘ جبکہ مذاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’اداکارہ کا چہرہ تو نظر آیا۔‘اس مختصر ٹیزر میں واقعتاً ایک جوان کو صرف جست لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی اور چیز نظر نہیں آتی ہے۔ایک صارف نے پوچھا کہ اس فلم کی کامیابی کا جشن آپ کہاں منائیں گے ‘پٹھان کے گھر یا جوان کے گھر؟‘ تو انھوں نے جواب دیا کہ ’اس بار پارٹی آپ کے گھر کر لیں گے۔‘بہر حال، اس مختصر لیکن دلچسپ گفتگو کے بعد جوان، آسک ایس آر کے، شاہ رخ خان وغیرہ ٹرینڈ کرنے لگا۔ایک صارف نے لکھا کہ بالآخر ’پٹھان کو ٹکر دینے کے لیے ایک فلم آ ہی گئی جوان۔‘ایک صارف نے لکھا یہ ملک میں 700 کروڑ کا بزنس کرے گی تو کئی صارفین نے میمز شیئر کیے جس میں سلمان خان اور اکشے کمار جیسے اداکار چھپے نظر آتے ہیں۔بنگلہ دیش سے ایک صارف نے لکھا کہ ‘بالآخر پٹھان بنگلہ دیش میں 12 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔ آپ بنگلہ دیش والوں سے کچھ کہنا چاہیں گے؟‘ اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے لکھا: ’مجھے امید ہے کہ آپ اسے پسند کریں گے اور پھر جوان کے لیے تیار رہیے۔‘ملیحہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’شاہ رخ خان آپ ایسے کیوں ہیں۔ بعض اوقات میں سوچتی ہیں کہ ہمارے پاس آپ کو بدلے میں دینے کے لیے کتنا کم ہے۔‘اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’میں صرف سال کے کچھ دنوں اور کچھ گھنٹے آپ کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کی کوشش کرتا ہوں۔ آپ تمام کا شکریہ مجھے اتنا زیادہ پیار دینے کا۔‘آخر میں انھوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ میں سے کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ پوسٹر میں میرا چہرہ نظر نہیں آیا۔۔۔ اس لیے یہاں اپنا چہرہ پوسٹ کررہا ہوں۔۔۔ ہدایت کار اور فلم ساز کو نہ بتائیں۔ آپ سب کے لیے محبتیں۔ امید کہ سات ستمبر کو آپ سب سے تھیئٹر میں ملاقات ہوگی۔‘اس فلم کو ان کی اہلیہ گوری خان پروڈیوس کر رہی ہیں جبکہ ایٹلی اس کے ہدایتکار ہیں۔ اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ نین تارا، وجے سیتوپتی اور سنیل گروور بھی ہیں۔