ورلڈکپ کھیلنے کیلئے حفیظ کو جمعہ تک ڈینگی سے نجات پانا ضروری

کراچی،اکتوبر۔ ڈینگی میں مبتلامحمد حفیظ کوصحت مند ہوکر 8 اکتوبر کو ببل میں رپورٹ کرنا ہوگی اگر وہ جمعے تک ڈینگی سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے تو ان کا ٹیم کے ساتھ سفر کرنا مشکل ہوگا۔ اورسلیکشن کمیٹی ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا اعلان کرسکتی ہے۔ پیر کو پی سی بی میڈیکل پینل نے محمد حفیظ کا بلڈ ٹیسٹ کرایا۔ اس کی رپورٹ پر سلیکٹرز ان سے متعلق فیصلہ کرینگے۔ محمد حفیظ کہتے ہیں کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں لیکن تین ہفتے سے کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ بدھ کو وہ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کا میچ نہیں کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حفیظ جمعے کو لاہور ہوٹل کے ببل میں رپورٹ نہیں کرسکے تو کوئی اور کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائے گا۔ دوسری صورت میں انہیں متحدہ عرب امارات جاکر قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور وہ دو پریکٹس میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے قوانین کے تحت پاکستانی کرکٹرز کو جمعے تک ببل میں داخل ہونا ہوگا۔ گھر سے روانگی اور اور ہوٹل پہنچنے کے بعد انہیں کورونا کی منفی رپورٹ دینا ہوگی۔8 اکتوبر کے بعد کوئی کھلاڑی ببل میں داخل ہونے کا مجاز نہیں ہوگا ورنہ اس کو قرنطینہ کی مدت امارات میں گذارنا ہوگی۔ زیادہ تر کھلاڑی ببل میں ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی دو دن کے لئے گھر گئے تھے وہ دوبارہ ببل میں رپورٹ کریں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔کچھ کرکٹرز کو دو روز کے بعدمزید دو سے تین روز کی چھٹی دی گئی ہے البتہ تمام کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز میں حصہ لیں گے۔

 

Related Articles