پیسے پلیئرز، انفرااسٹرکچر پر خرچ کریں گے

دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط کرکٹ اکانومی ضروری، رمیز راجہ

کراچی ،اکتوبر۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے پیر کوکراچی میں مصروف دن گذارا۔انہوں نے میڈیا سے سوالات لینے سے گریز کیا اور مختصر گفتگو میں کہا کہ ہم نے کرکٹ کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔کرکٹ کی معیشت کو مضبوط کرکے ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔کراچی کے تاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چیئرمین کے ساتھ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر موجود تھے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق رمیز راجا کے دورے کے دوران پی سی بی کے لیے سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی، حاصل ہونے والی رقم سے انفرا اسڑکچر بہتر بنایا جائے گا،ملنے والے پیسے کرکٹرز کی بہبود پر بھی خرچ ہوں گے، مزید برآں وہ کرکٹ کے امور کے حوالے سے بھی بعض اجلاسوں میں شرکت کریں گے جن میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق رمیز راجا اسپانسر شپ کے ذریعے پی سی بی کے کئی منصوبوں کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ منگل کو وہ کراچی اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کریں گے اور گھنٹی بجا کر کاروباری دن کا آغاز کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی مختلف ملٹی نیشنل اداروں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے، ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں ‘‘کرکٹ اکانومی’’ کے وڑن کا حصہ ہیں۔ان ملاقاتوں کا مقصد کرکٹ میں پیسہ لانا ، اکانومی کو مضبوط کرنا ، مختلف پارٹنرشپ کرناہے۔ رمیز راجا اپنے قیام کے دوران کراچی میں مالیاتی و تجارتی اداروں کے سربراہوں سے ملیں گے، کرکٹ اسپانسرز سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی جب کہ اسٹرٹیجک پارٹنرز کو بھی اعتماد میں لیں گے۔

Related Articles