آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت چار روزہ دورے پر جموں پہنچے
جموں، ستمبر۔راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت جمعرات کے روز اپنے چار روزہ دورے پر جموں پہنچے۔بتادیں کہ پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے خاتمے اور اس کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ جموں ہے۔قبل ازیں سنگھ کے اندرونی ذرائع نے بتایا تھ کہ اس دورے کے دوران موہن بھاگوت دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد آر ایس ایس کے موقف کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ سنگھ کی تنظیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ موصوف سربراہ دو اکتوبر کو جموں یونیورسٹی کے زورا ور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرنے والے بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر وہ تین اکتوبر کو صبح کے ساڑھے دس بجے زوم ایپ کے ذریعے سوئم سیوک کارکنوں سے خطاب کریں گے۔مذکورہ ذرائع کے مطابق موصوف سربراہ سنگھ کے سینیئر ارکان کے ساتھ علاحیدہ میٹنگ کریں گے جن میں تنظیمی امور اور تنظیم کے جموں میں کشمیر میں مزید استحکام پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مباحثوں کے دوران غالباً افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے تناظر میں ملک خاص کر جموں و کشمیر کے سیکورٹی خدشات پر بھی بات چیت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈران بھی آر ایس ایس سربراہ سے ملاقی ہونے کی توقع ہے۔