امیتابھ بچن پان مصالحہ کی اشتہاری مہم چلانے پر مشکل میں پھنس گئے
ممبئی،ستمبر۔ بالی وڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن پان مصالحہ کی اشتہاری مہم چلانے پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔بھارت کی قومی انسداد تمباکو تنظیم نے اداکار امیتابھ بچن کے پان مصالحہ کے اشتہار پر اداکار کو خط لکھ دیا ہے جس میں تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ امیتابھ بچن فوری طور پر پان مصالحہ کی اشتہاری مہم سے دستبردار ہو جائیں۔اداکار امیتابھ بچن کو چند روز قبل پان مصالحہ کے اشتہار میں دیکھا گیا ہے۔ اپنے پسندیدہ اداکار کو پان مصالحہ کے اشتہار میں پاکر مداح بھی غصے میں ہیں اور اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔تنظیم نے امیتابھ بچن کے نام خط میں لکھا ہے کہ میڈیکل ریسرچ سے معلوم ہوتا ہے کہ تمباکو اور پان مصالحہ جیسی اشیا نوجوانوں کی صحت کو خراب کر رہی ہیں، آپ سرکاری پولیو مہم کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، آپ کو پان مصالحہ کی اشتہاری مہم سے جلد از جلد دستبردار ہو جانا چاہیے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سرطان (کینسر) پر تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ایجنسی اور عالمی ادارہ صحت نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ پان چبانے سے منہ کا سرطان ہوتا ہے اور انسانی صحت پر دیگر منفی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مداح نے لکھا کہ آپ بھارتی نوجوانوں کے لیے مثالی ہیں، آپ نے حکومت کے لیے بہت سے سماجی کام کیے اور اب آپ تمباکو کے استعمال کو فروغ دے رہے ہیں، یہ انتہائی افسوس کی بات ہے، ہم نے آپ سے یہ توقع کبھی نہیں کی تھی۔خیال رہے کہ انسداد تمباکو تنظیم نے پچھلی ایک دہائی میں عوامی مقامات پر تمباکو کا استعمال کرنے پر کئی نامور شخصیات کو ٹارگٹ کیا ہے۔ 2010ء میں اداکار اجے دیوگن کو عوامی مقام پر سگریٹ نوشی پر اسی تنظیم نے جرمانہ کیا تھا۔