جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی کو گہری چوٹ پہنچائی گئی ہے: ترون چگھ

جموں، ستمبر۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ کا دعویٰ ہے کہ جموں و کشمیر میں میں نہ صرف ملی ٹنسی پر قابو پایا گیا ہے بلکہ ملی ٹنٹوں کو بھی گہری چوٹ پہنچائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرکار جموں وکشمیر کے ہر ضلعے اور علاقے میں تعمیر و ترقی کے کام کرنے میں مصروف عمل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ جموں و کشمیر ویکسینیشن میں پورے ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں جن سنگھ نظریہ ساز پنڈت دین دیال اوپادھیائے کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہماری سرکار اچھی طرح سے چل رہی ہے اور عوام کی فلاح و بہبودی کے لئے کام کئے جا رہے ہیں۔مسٹر چگھ نے کہا کہ کشمیر ہو یا جموں، کٹھوعہ ہو یا کشتواڑ، پونچھ راجوری ہو یا کشتواڑ کے دور دراز علاقے ہر جگہ کام ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ جموں وکشمیر ملک میں ویکسینیشن میں پہلے نمبر پر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ’یہاں سیکورٹی صورتحال بھی بہتر ہے، ملی ٹنسی کو کنٹرول کیا گیا ہے اور ملی ٹنٹوں کو بھی چوٹ پہنچائی گئی ہے‘۔

Related Articles