فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز : انگلش سیاہ فام فٹبالرز کو پھر نسلی تعصب کا سامنا

لندن،۴ستمبر، فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز میں انگلینڈ اور ہنگری کے درمیان میچ میں تماشائیوں کی جانب سے انگلینڈ کے 2 کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔ہنگری کے دارالحکومت بوداپست میں ورلڈ کپ کوالیفائنگ گروپ ون کے میچ میں ہنگری اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔میچ میں انگلینڈ نے ہوم ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا ،میچ میں ایک دو نہیں چار گول سے کامیابی حاصل کی اور گروپ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے انگلینڈ کے 2 کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بھی بنایا گیا جس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ اور ہنگری کے میچ کے دوران چند تماشائیوں کی جانب سے 2 سیاہ فام انگلش فٹبالرز پر نسلی تعصب پر مبنی جملے کسے گئے۔تماشائیوں کی جانب سے نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے کے بعد ہنگری کی فٹبال فیڈریشن کو سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔واضح رہے کہ ہنگری کو اس سے پہلے 2020 میں بھی یوروکپ کے ایونٹ میں 2 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وجہ یہی نسلی تعصب پر مبنی جملے تھے۔ انگلش فٹ بال کپتان ہیری کین کا کہنا ہے کہ کھیلنے کیلیے یہ ایک مشکل جگہ تھی وہ کامیابی حاصل کرنے پربہت خوش ہیں۔اس کے علاوہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا پر زور دیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس قسم کے رویے کو اس کھیل سے ختم کیا جا سکے۔

Related Articles