مالیہ کے خلاف توہین عدالت معاملے کی سماعت 2 نومبرتک ملتوی
نئی دہلی، مفرور شراب کاروباری وجے مالیہ کے خلاف سپریم کورٹ میں چل رہی توہین عدالت کے معاملے کی سماعت پیر کو نہیں ہوسکی اور اسے 2 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
توہین عدالت کے معاملے میں مالیہ کو آج جسٹس اشوک بھوشن کی صدارت والی بنچ کے سامنے پیش ہوناتھا لیکن وہ نہیں پیش ہوسکا۔ اس پر جسٹس بھوشن نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی عدالت میں حوالگی کی قانونی لڑائی ہار جانے کے بعد بھی مالیہ اب تک وہاں کیسے موجود ہے۔
انہوں نے مالیہ کی غیر موجودگی کے سلسلے میں اس کے وکیل انکرسہگل سے وضاحت طلب کیا لیکن ان سے بھی کوئی واضح جواب نہیں مل سکا، جس کے بعد جسٹس بھوشن نے مسٹر سہگل کو زبردست پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کسی کے لئے پیش ہوئے ہیں اور اس کی طرف سے سوال کا جواب نہیں دے پارہے ہیں۔‘‘
اس سے پہلے مرکزی حکومت کی جانب سے عدالت کو یہ بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں حوالگی کے سارے قانونی عمل پورے کرلئے گئے ہیں۔ وہاں کی اعلی ترین عدالت نے بھی مالیہ کی اپیل مسترد کردی تھی لیکن اب وہاں کوئی خفیہ عمل شروع ہوگیا ہے۔ اس میں ہم فریق نہیں ہیں۔ اس لئے بتا نہیں سکتے کہ یہ معاملہ کب تک چلے گا۔
سپریم کورٹ نے معاملے کی سماعت کے لئے 2نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔