کارپوریشن انتخابات: آپ نے 89 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی

نئی دہلی، دسمبر ۔ عام آدمی پارٹی (آپ) نے بدھ کی دوپہر تک دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں 89 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 69 سیٹیں حاصل کی ہیں اور کانگریس نے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق، آپ لیڈر اور ایم سی ڈی انتخابات میں واحد ٹرانسجینڈر امیدوار، بوبی بدھ کو سلطان پوری- اے وارڈ سے جیت گئے۔ انہوں نے کانگریس امیدوار ورون ڈھاکہ کو 6,714 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے پارٹی کی نمائندگی کے لیے منتخب ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنے حلقے کو خوبصورت بنانا اور اپنے پڑوسیوں کی زندگیوں میں بہتر ی لانا چاہتی ہیں۔ادھر دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی چوتھی بار اقتدار میں آئے گی۔ مسٹر گپتا نے ٹویٹ کیا ’’دہلی کے وزیر اعلی نے جس طرح سے بدعنوانی کی اور اس کے ساتھ دھوکہ بازی کی، اس کا بدلہ دہلی کے لوگ لیں گے۔ مجھے دہلی کے لوگوں پر بھروسہ ہے۔ ہم نے مسائل اٹھائے، آپ کی بدعنوانی کو بے نقاب کیا اور ان کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا۔ ہم ایم سی ڈی میں چوتھی بار اقتدار میں آنے والے ہیں‘‘۔پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے ٹویٹ کیا ’’اروند کیجریوال نے دہلی میں کانگریس کی 15 سالہ حکومت کو گرایا اور اب ایم سی ڈی میں (بی جے پی) کی 15 سال کی حکمرانی کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی کے لوگ نفرت کی سیاست کو پسند نہیں کرتے، وہ اسکولوں، اسپتالوں، بجلی، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کے لئے ووٹ دیتے ہیں۔دریں اثنا آپ کارکن دہلی میں پارٹی دفتر میں ایم سی ڈی انتخابات میں جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ سرکاری رجحانات کے مطابق پارٹی نے 89 سیٹیں جیتی ہیں اور 56 دیگر پر آگے ہے۔ ووٹوں کی گنتی سخت سکیورٹی کے درمیان جا ری ہے۔

Related Articles