برازیل کے سابق صدر بولسونارو گھر پر پولیس کے چھاپے سے متعلق بات کرتے ہوئے آبدیدہ
برازیلیا،مئی ۔ برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کل بدھ کو ایک مقامی ریڈیو پر انٹرویو کے دوران رو پڑے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کی طرف سے دکھائی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ اپنی بات جاری نہ رکھ سکے۔وہ پولیس کی جانب سے گذشتہ روز دارالحکومت میں واقع ان کے گھر پر چھاپے اور تلاشی کے بارے میں بات کر رہے تھے۔بولسونارو، ایک ماہ قبل امریکا سے لوٹے ہیں ، جہاں سے وہ گذشتہ نومبر میں انتخابات ہارنے کے بعد سے قیام پذیر تھے۔وہ اگلے بدھ کو عدالت کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پیش ہوں گے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نومبر 2021 اور گذشتہ سال جنوری کے درمیان وزارت صحت کے ضوابط پر کورونا ویکسینیشن کے بارے میں غلط اعداد و شمار فراہم کیے۔جس کی وجہ سے ان کے سابق معاون مورو سیڈ باربوسا اور ان کے دو محافظوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔گذشتہ روز صبح کے وقت ، وفاقی پولیس کی جانب سے ان کے گھر کی تلاشی لی گئی، پولیس کا انداز قدرے ذلت آمیز تھا، جس کا اندازہ مقامی میڈیا کی کوریج سے لگایا جا سکتا ہے۔مقامی ریڈیو جوویم پین کو انٹرویو میں جو کچھ انہوں نے بیان کیا اس کا خلاصہ یہ ہے کہ پولیس نے ان کی بیوی مشیل بولسونارو کے سامان اور ہینڈ بیگ کی تلاشی لینے کے علاوہ ان کا موبائل فون اور دو کمپیوٹرز ضبط کر لیے، اور ان کی اکلوتی بیٹی، 12 سالہ لورا کے سامنے ان کی تصویریں کھینچی گئیں۔