سپلائی چین کے مسائل،مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا

لندن ،اکتوبر۔ برطانیہ میں چکن کے سب سے بڑے سپلائر ٹو سسٹرز فوڈ گروپ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ سپلائی چین کے مسائل کی وجہ سے چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہونا لازمی ہے۔ بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی کمپنی بریگزٹ، کورونا، لیبر کی کمی اور لاجسٹکس کے مسائل کی وجہ سے ہونے والے اضافی اخراجات برداشت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہا پیکنگ، انرجی کی لاگت میں اضافے اور CO2کی وجہ سے اشیائے خوراک پر دبائو بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی کے CO2کے اخراجات میں 3 ہفتوں کے دوران 500 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ انرجی کی قیمت میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 450 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فارم پر مرغی کے دانے کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فارمنگ کے پراسس میں کموڈٹی کی قیمت میں 20 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت جو چکن آپ کو 3.50 پونڈ میں مل رہی ہے، ایک عشرہ قبل اس کی قیمت 5 پونڈ تھی۔ انھوں نے کہا کہ فارم پر لوگ مشکل میں ہیں، ہمارے پاس اپنی فیکٹریوں اور فارمز میں مناسب تعداد میں لوگ نہیں ہیں۔ ایچ جی وی ڈرائیوروں کی کمی ہے، جس کی وجہ سے اب دکانوں کے شیلف خالی نظر آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پوری سپلائی چین میں کوئی فائدہ نہیں ہے، حکومت کی عارضی اسکیم کے تحت کمپنی کرسمس کیلئے افرادی قوت پوری کرنے کیلئے 700 افراد کو لاسکے گی لیکن ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے یہ سکیم کافی تاخیر سے اور بہت کم عرصے کیلئے شروع کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجموعی طورپر پوری سپلائی چین کی صورت حال دگرگوں ہے۔ انھوں نے خریداروں کو مشورہ دیا کہ وہ معمول کے مطابق خریداری کریں۔

Related Articles