12برس بعد دنیا میں کوئی غریب نہیں ہوگا، بل گیٹس
واشنگٹن،مئی ۔ مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس نے کہا ہے کہ 2035تک دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں بانی بل گیٹس کا خط پڑھا گیا جس میں انھوں نے کہا کہ امیر ملکوں کے اہم منصوبوں اور ایجادات کو استعمال کرنے کی بدولت 2035 تک دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا۔بل گیٹس نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کم یا درمیانی آمدنی والے ملک اپنے امیر پڑوسی ملکوں سے سیکھیں گے جیسے میڈیکل کے شعبے میں نئی ویکسین، زراعت میں بہتر بیج سے زیادہ پیداوار اور ڈیجیٹل انقلاب، بل گیٹس کے مطابق اسی طرح دیگر اور شعبوں میں بھی جدید تبدیلیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کم آمدنی والے ممالک نئی سرمایہ کاری کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ بل گیٹس نے کہا میں کافی پْر امید ہوں اور پیش گوئی کرسکتا ہوں کہ 2035تک دنیا میں کوئی ملک غریب ملک نہیں رہے گا۔