پوتین پر ہم نے حملہ نہیں کیا، صرف اپنی زمینوں پر لڑ رہے: زیلنسکی
کییف،مئی ۔ ماسکو کے اس اعلان کے بعد کہ روسی صدر پوتین کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز کے ذریعہ کریملن کی عمارت پر حملہ کیا گیا تھا یوکرینی صدر زیلنسکی نے بدھ کے روز اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ہم نے پوٹین پر حملہ نہیں کیا ا ور ہم صرف اپنی زمینوں پر لڑائی لڑ رہے ہیں۔ایک پریس کانفرنس کے دوران زیلنسی نے کہا کہ ہم پوٹن یا ماسکو پر حملہ نہیں کر رہے۔ ہم اپنی سرزمین پر لڑ رہے ہیں۔ یوکرین کے ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں بھی اس سے قبل بدھ کو کہا گیا کہ کیف کا کریملن پر حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کریملن پر حملہ ایک انتہا پسند روسی ردعمل کا سبب بن سکتا ہے۔بدھ کے روز یوکرینی بیانات روس کی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں کہ یوکرین نے پوتین کو قتل کرنے کی کوشش میں صدارتی محل کو ڈرونز سے نشانہ بنایا تھا اور روس نے دو ڈرونز مار گرائے ہیں۔ کریملن نے اس کارروائی کو دہشتگردانہ کارروائی قرار دیا۔ یہ بھی بتایا کہ یہ حملہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کیا گیا ہے۔ روسی ایوان صدر نے تصدیق کی کہ دونوں ڈرونز کا ملبہ کریملن کے اندر گرا تاہم کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ اسی حوالے سے رد عمل میں ماسکو کے میئر نے روسی دارالحکومت پر غیر مجاز ڈرون اڑانے پر پابندی کا اعلان بھی کردیا۔