سوڈان سے مزید 82 افراد سعودی عرب پہنچ گئے

جدہ،اپریل۔ سوڈان سے سعودی عرب کے راستے انخلاء کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔ سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان لڑائی اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد سوڈان سے نکلنے کو ترجیح دے رہی ہے۔العربیہ نے اطلاع دی ہے کہ سعودی عرب کے شہریوں اور پاکستانی شہریوں کا ایک نیا گروپ پورٹ سوڈان سے سعودی فضائیہ کے طیارے میں ائیر لفٹنگ کے بعد جدہ پہنچا ہے۔العربیہ نے مزید بتایا کہ گروپ 82 افراد پر مشتمل تھا جس میں 45 سعودی شہری شامل تھے۔ جدہ پہنچنے والے افراد نے سعودی عرب کی کوششوں اور انخلاء کے عمل کی تنظیم کی تعریف کی۔اتوار کے روز العربیہ نے اطلاع دی کہ سوڈان سے آنے والا ایک ہندوستانی بحری جہاز 288 افراد کے ساتھ جدہ اسلامی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔سعودی وزارت خارجہ نے پہلے اعلان کیا تھا کہ مملکت نے اب تک بحران زدہ سوڈان سے 96 قومیتوں کے 4,738 افراد کو نکال لیا ہے۔واضح رہے سوڈان میں 15 اپریل کو عبدالفتاح البرہان کی وفادار فورسز اور محمد حمدان دقلو کی قیادت میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں۔ ان جھڑپوں میں 500 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

Related Articles