میٹرو میں بزرگ شہریوں، معذوروں، طلباء کے لیے 25 فیصد رعایت
ممبئی، اپریل ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے نے سنیچر کو ممبئی میٹرو میں بزرگ شہریوں، معذور افراد اور طلباء کے لیے 25 فیصد رعایت کا اعلان کیا۔مسٹر شنڈے نے کہا کہ ان زمروں سے تعلق رکھنے والے افراد یکم مئی سے ممبئی میٹرو میں رعایتی نرخوں پر سفر کرکے 25 فیصد رعایت حاصل کرسکتے ہیں۔ ممبئی 1 نیشنل کامن موبلٹی کارڈ استعمال کرنے والے ان زمروں کے ہزاروں مسافروں کو یہ رعایت ملے گی۔مسٹر شنڈے نے کہا کہ ممبئی میٹرو نیٹ ورک کو بزرگ شہریوں، معذور افراد اور بچوں کی ضروریات اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس لیے انہیں ان سہولیات کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مہاممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ اور ایم ایم آر ڈی اے نے یہ تحفہ مہاراشٹرا کے دن کے موقع پر دیا ہے۔ بزرگ شہریوں، طلباء اور معذور مسافروں کو یہ رعایت ممبئی-1 پاس پر 45 ٹرپس یا 60 ٹرپس کے لیے ملے گی۔چیف منسٹر نے کہاکہ ’’اس سے قبل ہم نے بزرگ شہریوں کے لیے ایس ٹی بس کا سفر مفت کیا تھا اور خواتین کو بھی ایس ٹی بسوں میں 50 فیصد رعایت دی گئی تھی۔ ہم نے یہ فیصلے معاشرے کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس میٹرو سفر میں نرمی کی وجہ سے زیادہ لوگ سفر کریں گے۔ یہ سہولت 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں، 12ویں جماعت تک پڑھنے والے طلباء اور مستقل معذوری کے شکار افراد کے لیے ہے۔ ان تینوں زمروں کے مسافروں کو رعایت کے لیے کچھ ضروری درست دستاویزات جمع کرانے ہوں گے۔