طوفان ارنب کا بھاگلپور میں اثر، تیز ہوا اور بارش سے دھان کی تیار فصلیں زمین بوس، کسان پریشان

بھاگلپور، خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفان ارنب کے اثرات بھاگلپور ضلع میں نمایاں ہونے لگے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے ہورہی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں دھان کی تیار فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ تیز ہوا کے سبب کھیتوں میں کھڑی فصلیں زمین پر گر گئی ہیں، جس سے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ضلع کے بیشتر علاقوں میں دھان کی فصل پک کر تیار ہوچکی تھی اور کئی مقامات پر کٹائی کی تیاریاں جاری تھیں۔ ایسے میں بارش اور تیز ہواؤں نے کسانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ فصل زمین پر گرنے سے بالیوں سے دانے جھڑنے کا خدشہ ہے، جبکہ کھیتوں میں پانی جمع ہونے سے اناج کے خراب ہونے اور سڑنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔جگدیش پور کے کسان راج کمار پنجیارا کے مطابق اس سال فصل اچھی ہوئی تھی اور کسانوں کو بہتر پیداوار کی امید تھی۔ دیوالی کے موقع پر فصل فروخت کرکے قرض ادا کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن بارش نے ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اب کسانوں کو اپنی محنت اور سرمایہ دونوں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
کسانوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے متاثرہ فصلوں کا فوری سروے کراکر مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیج، کھاد اور کھیتی باڑی کے لیے بینکوں اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں سے قرض لیا گیا ہے۔ اگر جلد مالی مدد نہیں ملی تو ان کے سامنے معاشی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ادھر زرعی ماہرین نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ کٹی ہوئی فصل کو فوری طور پر محفوظ اور خشک مقام پر رکھیں، کھلے میں رکھے اناج کو ترپال سے ڈھانپیں اور ذخیرہ کرنے سے پہلے اچھی طرح سکھائیں۔ کھیتوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں نکاسی کا فوری انتظام کریں تاکہ فصل کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔

Related Articles