یوئیفا چیمپئنز لیگ : پی ایس جی کی ولاریال کے خلاف 0-6 سے بڑی جیت

بارسلونا اور انٹر بھی کامیاب، مانچسٹر یونائیٹڈ نے سنسنی خیز واپسی کی

لندن، یوئیفا چیمپئنز لیگ کے مقابلوں میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے جارحانہ کھیل کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ولاریال کو اس کے ہوم گراو¿نڈ پر0-6 سے زبردست شکست دی، جبکہ بارسلونا اور انٹر میلان نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب مانچسٹر یونائیٹڈ نے دو گول سے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اے ایس روما کو 2-3 سے شکست دی، جبکہ بائرن میونخ نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو0-2 سے ہرایا۔پی ایس جی نے ایسٹاڈیو ڈی لا سیرا میکا میں کھیلے گئے مقابلے میں آغاز ہی سے ولاریال پر دباؤ بنائے رکھا اور پہلے 17 منٹ میں چار گول داغ کر میچ کا رخ اپنی طرف موڑ دیا۔ جواؤ نیویس نے نویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 12ویں منٹ میں ڈیزائر ڈوئے نے دوسرا گول کیا۔ اس کے ایک منٹ بعد سینی مایولو نے برتری0-3 کر دی۔ فابیان روئز نے 17ویں منٹ میں چوتھا گول کیا۔ روئز نے 50ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کر کے اسکور 0-5 کر دیا، جبکہ ڈیوڈ بولی نے 78ویں منٹ میں چھٹا گول کر کے ٹیم کی بڑی جیت پر مہر لگا دی۔ پورے مقابلے میں پی ایس جی کا حملہ آور کھیل حاوی رہا اور ولاریال کی دفاعی لائن اسے روکنے میں ناکام رہی۔
ادھر بارسلونا نے کیمپ نو میں ایسٹن ولا کو0-3 سے شکست دے کر اپنی مہم کو مضبوط کیا۔ لامین یامال نے عمدہ فنشنگ کے ذریعے میزبان ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں رافینہا نے دو گول کر کے بارسلونا کی جیت یقینی بنا دی۔ اونائی ایمری کی زیر قیادت ایسٹن ولا کی ٹیم بارسلونا کے منظم دفاع کے سامنے مور حملے کرنے میں ناکام رہی۔انٹر میلان نے اسٹیڈین فیئنورڈ میں فیئنورڈ کو 0-3 سے شکست دے کر حریف کے میدان پر اہم کامیابی حاصل کی۔ انٹر کی جیت میں ڈیڈ اسپینس نے کلیدی کردار ادا کیا اور یان بیسیک اور فرانسسکو پیو ایسپوزیٹو کے گول میں مدد فراہم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں گول کر کے انٹر کو مضبوط برتری دلائی۔ بعد ازاں پیوٹر زیلنسکی نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر تیسرا گول کیا اور ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔
مانچسٹر یونائیٹڈ اور اے ایس روما کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا۔ روما نے پہلے ہاف میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ ماتیاس سولے نے 11ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جبکہ 17ویں منٹ میں ڈونیئل مالن نے پنالٹی پر گول کر کے برتری دگنی کر دی۔ تاہم دوسرے ہاف میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے شاندار واپسی کی۔ کپتان برونو فرنانڈیز نے 58ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے فرق کم کیا۔ اس کے بعد میتھیئس کونیا نے 83ویں اور 86ویں منٹ میں لگاتار دو گول کر کے یونائیٹڈ کو 2-3 سے فتح دلا دی۔ البتہ انجری ٹائم میں دوسرا پیلا کارڈ ملنے کے بعد کونیا کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ دو گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود روما کی شکست نے اس کے لیے مایوسی پیدا کر دی۔ایک اور مقابلے میں بائرن میونخ نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو 0-2 سے شکست دی۔ مقابلے کا پہلا گول لینارٹ کارل نے 54ویں منٹ میں بائیں پاو¿ں سے شاندار شاٹ لگا کر کیا۔ اس کے بعد 74ویں منٹ میں ہیری کین کے عمدہ پاس پر کونراڈ لائمر نے دوسرا گول کر کے بائرن کی برتری مستحکم کر دی۔ ڈیاگو سیمیونے کی زیر قیادت ایٹلیٹکو میڈرڈ کی ٹیم بائرن کے منظم دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔ اس کامیابی کے ساتھ بائرن نے چیمپئنز لیگ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔

Related Articles