گیند باز منصوبوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں: بانڈ

ممبئی، اپریل ۔ ممبئی انڈینس کے بولنگ کوچ شین بانڈ نے گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد اپنی ٹیم کے گیند بازوں کے تئیں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے منصوبوں پر عمل نہیں کرپارہے ہیں۔گجرات نے منگل کو یکطرفہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) مقابلے میں ممبئی کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ ممبئی نے ٹاس جیت کر گیندبازی کرتے ہوئے اچھی شروعات کی تھی، لیکن آخری چھ اووروں میں میزبان گیند بازوں نے 94 رنز لٹادئے، جس سے گجرات 207 رنز کا بڑا اسکورکھڑا کرنے میں کامیاب ہوا۔بانڈ نے میچ کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، یہ بالکل آخری میچ کی طرح تھا۔ ہم اپنے منصوبوں کو صحیح طریقے سے انجام نہیں دے رہے ہیں۔ ہمارے منصوبے بہت آسان ہیں۔ میدان پردیکھنے سے لگتا ہے کہ ہم ایک جگہ گیندبازی کرتے ہیں اور پھرچوکا- چھکا لگتے ہی طریقہ بدل دیتے ہیں، یہ انتہائی مایوس کن ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ جب گجرات 100 رن پر تھا تب ہم مقابلے میں تھے، لیکن اس کے بعد ہم نے بہت ہی اوسط درجے کی گیند بازی کی۔ ہم نے (ڈیوڈ) ملر اور(ابھینو) منوپر کو ہاتھ کھولنے کا موقع دیا۔ جب آپ ایک اچھے کھلاڑی کو اپنے قدم جمانے کا موقع دیتے ہیں تووہ مقابلے کو آپ سے دور لے جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بات کی تھی، لیکن جب آپ اس سیزن میں ہماری پرفارمنس دیکھیں گے تو پائیں گے کہ نچلے آرڈر میں ایک ایسا بلے باز ہوتا ہے جسے ہم آزادنہ رن بنانے کا موقع دیتے ہیں۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، ممبئی 20 اوورز میں صرف 152 رنز ہی بنا سکی، حالانکہ بانڈ کا خیال ہے کہ اگرانہوں نے گجرات کو 180 رنز تک محدود کردیا ہوتا تو ان کی ٹیم جیت سکتی تھی۔بانڈ نے کہا، اگر ہم انہیں 180 تک محدود کر سکتے، تو بھلے ہی ابتدائی چھ اوور چیلنجنگ ہوتے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم اس ہدف کو حاصل کرسکتے تھے۔ ہم اپنے بلے بازوں کو ہر روز 210 رنز بنانے کے لیے نہیں کہہ سکتے۔پاور پلے میں ارجن ٹیندولکر کی اچھی گیند بازی کے باوجود روہت نے آخری اوورز میں انہیں گیند نہیں سونپی۔ بولنگ کوچ بونڈ کا خیال تھا کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے خلاف ایک اوور میں 31 رنز دینے کے بعد ارجن کو ڈیتھ اوورز میں نہیں آزمایا گیا۔بانڈ نے کہا، یہ (پنجاب کے خلاف مہنگی بولنگ) شاید اس کی ایک وجہ تھی۔ اگر آپ کپتان ہیں، تو آپ آخری اووروں میں تجربے پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اس کام کے لیے آپ بین الاقوامی کھلاڑیوں پر انحصار کرتے ہیں۔ میرے خیال میں زیادہ تر کپتان یہی کرتے۔ارجن دو اووروں میں ایک وکٹ کے بدلے 9 رن دے کر ممبئی کے سب سے کفایتی گیند باز ثابت ہوئے، جبکہ جیسن بہرنڈورف، ریلی میریڈتھ اور کیمرون گرین نے 10 اوورز میں 125 رنز دیے۔

Related Articles