ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے پنچایتی راج نظام کو مضبوط کرنا ہوگا: مودی
ریوا، اپریل ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پنچایتی راج ادارے مرکزی حکومت کی طرف سے دیہی غریبوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے بنائی گئی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کر رہے ہیں۔مسٹر مودی قومی پنچایتی راج دن کے موقع پر ملک بھر میں منتخب نمائندوں اور پنچایتی راج اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ خصوصی گرام سبھا سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی ترقی سے متعلق 17 ہزار کروڑ سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا آج افتتاح کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں سے ریاست کے لوگوں کی زندگی آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت نے پردھان منتری سوامیتو یوجنا میں قابل ذکر پیش رفت درج کرکے شاندار کام کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی 50 لاکھ سے زیادہ خواتین سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ ہیں۔ میں خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں مدھیہ پردیش کی خواتین کی طاقت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ آج قومی پنچایتی راج ڈے کے اس پروگرام سے ملک کے 30 لاکھ سے زیادہ پنچایتی نمائندے جڑے ہوئے ہیں۔ یہ ہندوستان کی جمہوریت کی ایک طاقتور تصویر ہے۔ ہم تمام عوام کے نمائندے ہیں اور ملک اور جمہوریت کے لیے وقف ہیں۔ ہم سب کا مقصد عوامی خدمت کے ذریعے قوم کی خدمت کرنا ہے۔ریاستی گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کی موجودگی میں مسٹر مودی نے ریوا کے خصوصی مسلح افواج گراؤنڈ میں وزیراعظم مودی نے پردھان منتری آواس یوجنا کے 4 لاکھ 11 ہزار مستفیدوں کے لیے قومی پنچایتی راج دن ورچول گرہ پرویش کرایا۔ اس کے ساتھ انہوں نے مدھیہ پردیش میں جل جیون مشن کے ریوا، ستنا اور سدھی اضلاع کے لیے 7853 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ 5 بڑی گروپ واٹر سپلائی اسکیموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ مدھیہ پردیش کے ریل نیٹ ورک کی 100 فیصد برقی کاری کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے 2300 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے پروجیکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ضروری ہے کہ گاؤں کے سماجی اور اقتصادی نظام کو بہتر بنایا جائے اور پنچایتی راج نظام کو مضبوط کیا جائے۔ ہماری حکومت اس سمت میں مسلسل کام کر رہی ہے۔ سال 2014 سے پہلے ملک میں پنچایتوں کے لیے فنانس کمیشن کی گرانٹ صرف 70 ہزار کروڑ روپے تھی، جو ہماری حکومت کے دوران بڑھ کر 2 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ پنچایتوں کو مضبوط بنانے کی سمت میں گزشتہ 8 سالوں میں 30 ہزار سے زیادہ پنچایت عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ پنچایتوں تک آپٹیکل فائبر کنیکٹیوٹی کو بڑھاتے ہوئے 2 لاکھ سے زیادہ دیہاتوں میں آپٹیکل فائبر نیٹ ورک بچھایا گیا ہے۔