’ٹوائیلائٹ‘ کی ٹی وی سیریز جلد پیش کی جائیگی
لاس اینجلس،اپریل۔مشہورِ زمانہ ٹوائیلائٹ (Twilight) فلم سیریز کے مداحوں کے لیے خوشی کی خبر ہے کہ جلد ہی اس کتابی سیریز کو ٹی وی سیریز کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیفنی میئر کی تحریر کردہ کتابی سیریز پر مبنی فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد اب لائنز گیٹ ٹیلی وڑن نے ٹوائیلائٹ فلم سیریز کو پیش کرنے کے لیے کام کا آغاز کر دیا ہے۔اس سیریز کی کہانی ویمپائرز اور ان کا شکار کرنے والے بھیڑیوں کے درمیان محبت اور جنگ کے گرد گھومتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ اس فلم سیریز کا اسکرین پلے لکھنے کے لیے اسٹیفنی میئر کی خدمات لی جائیں گی، تاہم اس سلسلے میں لائنز گیٹ کے ترجمان نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔فلم سیریز دی ٹوائیلائٹ ساگا (Saga Twilight The ) نے دنیا بھر میں 3.4 بلین ڈالرز سے زائد کمائی کی تھی۔اس کی پہلی فلم ٹوائیلائٹ 21 نومبر 2008ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ دوسری فلم نیو مون 20 نومبر 2009ء کو، تیسری فلم ایکلیپس 30 جون 2010ء کو، چوتھی فلم بریکنگ ڈان –پارٹ 1) 18 نومبر 2011ء کو جبکہ پانچویں فلم بریکنگ ڈان – (پارٹ 2) 16 نومبر 2012ء کو ریلیز ہوئی تھی۔دوسری طرف اسٹیفنی میئر کا پہلا ناول ’ٹوائیلائٹ‘ 2005ء میں شائع ہوا تھا، اس کے بعد ’نیو مون‘ پھر ’ایکلیپس‘ اور پھر ’بریکنگ ڈان‘ کے سیکوئلز 2008ء تک شائع ہوئے۔دنیا بھر میں ان کتابوں کی 100 ملین سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔