بابرکو 100 ٹی ٹوئنٹی میچز اور شاداب کو 100 وکٹیں مکمل کرنے پر پی سی بی کی جانب سےخصوصی تحفہ

لاہور،اپریل۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز اور شاداب خان کو 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے خصوصی تحفہ دیا گیا۔گزشتہ روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بابر اعظم کا 100 واں انٹرنیشنل میچ تھا، بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میچز کی سنچری کرنے والے تیسرے پاکستانی ہیں۔اس کے علاوہ گزشتہ دنوں ہی افغانستان کے خلاف سیریز میں شاداب خان نے 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے پہلے پاکستانی بولر ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور شاداب خان کو ان کے اعزاز کے اعتراف میں پاکستانی ٹیم کی خصوصی جرسی کا تحفہ دیا گیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بابر اعظم اور پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے شاداب خان کو خصوصی 100 نمبر والی جرسی پیش کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 88 رنز سے شکست دے دی۔

Related Articles