گرانٹ بریڈ برن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
اسلام آباد، اپریل۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ محدود اوورز کی سیریز کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے گرانٹ بریڈ برن کو پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے اینڈریو پیٹک کو پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنایا گیا ہے۔دونوں 11 اپریل کو لاہور پہنچیں گے۔ پاکستانی ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کریں گے۔ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گا۔ اس سیریز سے پاکستان کے کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی دیکھنے کو ملے گی۔ جس میں اسٹار گیندباز شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کی بھی تصدیق کر دی۔ عبدالرحمان کو اسسٹنٹ ہیڈ کوچ، اینڈریو پاٹک کو بیٹنگ اور عمر گل کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔56 سالہ بریڈ برن نے نیوزی لینڈ کے لیے 7 ٹیسٹ اور 11 ون ڈے کھیلے۔ اس سے قبل بریڈ برن اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ 2018 سے 2020 تک پاکستان کے فیلڈنگ کوچ کا کردار ادا کر چکے ہیں۔