چنئی سپرکنگز کے دیپک چاہر اور بین اسٹوکس چوٹ کی وجہ سے مقابلہ سے باہر
ممبئی، اپریل۔چنئی سپر کنگز کے تیز گیند باز دیپک چاہر ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ایک بار پھر کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔فرنچائزی نے اتوار کو جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا کہ جہاں چاہر کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہیں تجربہ کار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے پیر کا انگوٹھا زخمی ہوگیا ہے۔ ممبئی انڈینس کے خلاف ہفتہ کے میچ کے پہلے اوور میں بولنگ کرتے ہوئے چاہر نے اپنے ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس کی۔ ٹیم فزیو کے ساتھ مختصر بات چیت کے بعد چاہر اوور کی آخری گیند پھینک کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔فرنچائزی نے بتایا کہ چاہر کی چوٹ کی سنگینی کا پتہ ان کے چنئی واپس آنے اور اسکین کرانے کے بعد معلوم ہوگا۔ کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ انجری ایک بار پھر چہار کو طویل عرصے تک کرکٹ سے دور کر سکتی ہے۔چنئی نے چاہر کو 14 کروڑ روپے کی قیمت پر ٹیم میں شامل کیا تھا۔ کمر کی انجری کے باعث وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ دریں اثنا، کرک بز نے اطلاع دی کہ اسٹوکس تقریباً ایک ہفتے کے لیے آئی پی ایل سے باہر ہیں۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلنے نہیں اترےتھے۔ رپورٹ کے مطابق وہ راجستھان رائلز (12 اپریل) اور رائل چیلنجرز بنگلور (17 اپریل) کے خلاف میچوں میں بھی نہیں کھیل سکیں گے۔فرنچائز نے ایک بیان میں کہا، "چنائی سپر کنگز کا طبی عملہ دونوں کھلاڑیوں کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے اور ان کی صحت یابی کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کرے گا۔”اسٹوکس کے ہم وطن معین علی بھی فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے ہفتہ کے روز میچ سے باہر ہو گئے لیکن وہ چنئی میں ہونے والے آئندہ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔