ایران پراقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف امریکہ کارروائی کرے گا: پومپیو
واشنگٹن، امریکہ نے کہا ہے کہ ایران پر 2015 سے پہلے کی طرح اقوام متحدہ کی پابندیاں نافذ ہونے والا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ دوسری پابندیاں عائد کرنے کا بھی منصوبہ بنارہا ہے۔
امریکہ نے ایران پر عائد ان پابندیوں کی خلاف ورزي کرنے والے ممالک کے خلاف کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا کہ "امریکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو ایران پر پہلے کی طرح نافذ ہونے والی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے تحت ایران پر پھرسے پابندیاں عائد کی جارہی ہیں”۔
بیان کے مطابق امریکہ کو توقع ہے کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک ان پابندیوں پر عمل کریں گے اور ایسا نہیں کرنے والے ملک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مسٹر پومپیو نے کہا کہ "ایران کی جوہری فروغ کی سرگرمیوں، بیلسٹک میزائل پروگرام اور نیوکلیائی اسلحہ کی ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت دیگر ہتھیاروں سے متعلق سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہے۔ اگر اقوام متحدہ کے رکن ممالک ان پابندیوں کی تعمیل کرنے میں ناکام رہے، تو امریکہ اپنی صلاحیت کا استعمال کرے گا اور ان کے خلاف کارروائی کرے گا”۔
مسٹر پومپیو نے کہا کہ ایک جامع معاہدہ ہونے تک امریکہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ جاری رکھے گا۔