یمن کی صدارتی لیڈرشپ کونسل کی صدر کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سےملاقات
ریاض،اپریل۔جمہوریہ یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے صدرڈاکٹر رشاد محمد العلیمی نے سعودی عرب کے دورے کے دوران مملکت کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ممالک اور دونوں برادر عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات ، یمن کے لیے مملکت کی مسلسل حمایت، یمن کی صورت حال میں پیشرفت اور یمن کی صدارتی قیادت کونسل کی سلامتی کے حصول کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہ نماؤں نے یمن میں استحکام اور یمنی بحران کے خاتمے کے لیے ایک جامع سیاسی حل تک پہنچنے کی تمام کوششوں کی حمایت پر بات چیت کی۔سعودی وزیر دفاع نے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے لیے تمام شعبوں میں مملکت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ سعودی عرب برادر یمنی عوام کی خدمت اور ان کی امنگوں کے لییکام کرتا رہے گا۔وزیر دفاع نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے صدر اور کونسل کے اراکین کے لیینیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔اس موقعے پرڈاکٹر رشاد علیمی نے بھی اپنی اور یمنی قیادت کی طرف سے سعودی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ملاقات میں یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد بن سعید آل جابر اور وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف نے شرکت کی۔ یمن کی طرف سے صدارتی لیڈرشپ کونسل کے ارکان میجر جنرل سلطان علی العرادہ، بریگیڈیئر جنرل طارق محمد صالح، جناب عبدالرحمٰن ابو زرعہ، ڈاکٹر عبداللہ العلیمی باوزیر، عثمان حسین مجلی، عید روس قاسم الزبیدی، فراج سلیمان البحسانی اور وزیر اعظم ڈاکٹر معین عبدالمالک سعید نے شرکت کی۔