کلیکیش سنگھ دیو این آر اے آئی کے نئے صدر
نئی دہلی، اپریل۔نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کی گورننگ باڈی نے جمعرات کو ایسوسی ایشن کی باگ ڈور سینئر نائب صدر کلیکیش نارائن سنگھ دیو کو سونپ دی جب صدر رنندر سنگھ طویل رخصت پر چلے گئے۔واضح رہے کہ وزارت کھیل نے ایک ہدایت جاری کی تھی کہ نیشنل اسپورٹس کوڈ کے مطابق قومی اسپورٹس فیڈریشنز کے سربراہ 12 سال سے زیادہ عہدہ نہیں رکھ سکتے، جس کے بعد ستمبر 2021 میں این آر اے آئی کے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے والے رنندر چھٹی پر چلے گئے تھے۔رنندر نے 29 دسمبر 2010 کو پہلی بار این آر اے آئی کا چارج سنبھالا اور گزشتہ سال ہی اپنی مدت پوری کی ہے۔ سنگھ دیو کو این آر اے آئی آئین کے قاعدہ 19 کے تحت صدر منتخب کیا گیا ہے، جب کہ رنندر کے انتخاب اور میعاد کا معاملہ دہلی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔سنگھ دیو نے صدر کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کہاکہ میں گورننگ باڈی کی طرف سے دی گئی ذمہ داری اور صدر کی طرف سے مجھ پر کئے گئے اعتماد کو قبول کرتا ہوں۔ ہماری فوری ترجیح ایشین گیمز اور ورلڈ چیمپیئن شپ جیسے آنے والے اہم ایونٹس کے لیے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا ہے۔ این آر اے آئی ٹیم اور میں حکومت ہند، وزارت کھیل، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارا کھیل آگے بڑھتے ہوئے ملک کے لیے مزید نام روشن کرے۔ واضح رہے کہ وزارت کھیل نے این آر اے آئی کو صدر کے عہدے کے لیے مقررہ وقت کے اندر انتخابات کرانے کو کہا تھا، جس میں ناکام ہونے پر اس نے اسپورٹس کوڈ کے مطابق مناسب کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔