گِل آئی پی ایل 2023 میں 600 رنز بنا سکتے ہیں: پارتھیو
احمد آباد، یکم اپریل ۔ہندوستان کے سابق وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل نے سلامی بلے باز شبھمن گل کی فارم کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اس سیزن میں 600 سے زیادہ رنز بناسکتے ہیں۔گل نے آئی پی ایل کے پہلے میچ میں چنئی سپر کنگز کے خلاف 36 گیندوں پر 63 رنز کی اننگ کھیلی، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ سپر کنگز نے رتوراج گائیکواڈ کی 92 رنوں کی اننگ کی بدولت گجرات ٹائٹنزکے سامنے 179 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن گل کی تیزترین نصف سنچری سے جائنٹس نے چار گیند پہلے ہی جیت حاصل کرلی۔
پارتھیو نے جیو سنیما پر کہا، شبھمن گل نے وہی کیا جس کی ہمیں ان سے توقع تھی۔ انہوں نے آئی پی ایل میں اپنی بین الاقوامی فارم کو جاری رکھا۔ ہم اس سیزن میں شبھمن گل کے بلے سے 600 رنز نکلتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔گل اس نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل کرتے ہوئے ٹائٹنز کو فتح سے ہمکنار کر سکتے تھے لیکن وہ اننگ کے 15ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ بالآخر، راشد خان (3 گیندوں، 10 رنز) اور راہل تیوتیا (14 گیندوں، 15 رن) نے آخری دو اوورز میں 23 رنز جوڑ کر ٹائٹنز کی جیت کو یقینی بنایا۔سابق ہندوستانی گیندباز انل کمبلے نے کہا، انہوں نے (گل نے) کہا کہ میں جس طرح سے آؤٹ ہوا اس سے میں خوش نہیں تھا ۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ بہتری لانا چاہتا ہے اور اگر وہ اگلے میچ میں خود کو اس پوزیشن پر پاتے ہیں تو وہ اپنی ٹیم کے لیے اچھا کریں گے۔ یہ ایک نوجوان کھلاڑی کے لیے بہت اچھا اشارہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ہم نے میچ سے پہلے اس بارے میں بات کی تھی کہ کیسے انہوں نے ایک روزہ میچوں میں 40 اور 50 کو 100 اور 200 رن میں تبدیل کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ہندوستانی کرکٹ کے لیے ایک اچھا اشارہ ہے۔