زینت امان کا اپنی فلموں کے مناظر پر بنی میمز پر دلچسپ ردِعمل
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ زینت امان جنہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے، آج کل سوشل میڈیا سے کافی لطف اندوز ہوتی نظر آرہی ہیں۔اب زینت امان اکثر ہی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی تصاویر اور دیگر دلچسپ باتیں اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی نظر آتی ہیں۔سوشل میڈیا کا استعمال شروع کرنے کے بعد اداکارہ کے بچوں نے اْنہیں میمز سے متعارف کروایا۔اْنہوں نے اپنی فلموں کے مناظر پر بنی میمز پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے لکھا کہ اگر میرے بچے نہ ہوں تو میں انسٹاگرام کی بے قاعدگیوں سے پریشان رہوں گی لیکن خوش قسمتی سے بچے نہ صرف ایپ کی وضاحت کرتے ہیں کہ یہ کس طرح میرے لیے کام کررہی ہے بلکہ وہ مجھے آن لائن ہونے والے طنز و مزاح سے بھی متعارف کرواتے ہیں!اْنہوں نے لکھا کہ آج انہوں نے مجھے ’زینت امان میمز‘ دکھائیں اور میں ساری صبح ہنستی رہی ہوں اور صرف یہ سوچتی رہی کہ وہ بہت شاندار تخلیقی اور مضحکہ خیز ہیں۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ یہ میمز ان پرانی تصاویر کے استعمال کا بہت زبردست طریقہ ہیں ورنہ تو ساری ہی تصاویر اب بے کار ہوں گی!