کرائسٹ چرچ ون ڈے بارش کی نذر، سری لنکا کا ورلڈ کپ کوالیفائی مشکل

کرائسٹ چرچ۔مارچ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ منگل کو بارش کی نذر ہونے کے سبب سری لنکا کے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات کو دھچکا لگا ہے۔ہیگلے اوول میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کے باوجود چند اوورز کرائے جانے کی توقع تھی لیکن مسلسل بارش کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔ بارش سے متاثرہ میچ شروع کرنے کا آخری وقت مقامی وقت کے مطابق شام 7.02 بجے تھا۔ امپائرز نے 4.25 بجے گراؤنڈ کا معائنہ کرنے کے بعد میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔اس ڈرا کے بعد ورلڈ کپ سپر لیگ میں دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہو گئے۔ سپر لیگ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کو ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری دی جاتی ہے۔ سری لنکا اس وقت 82 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے، جبکہ اسے ورلڈ کپ سے قبل صرف ایک اور ون ڈے کھیلنا ہے۔ سری اگر لنکا جمعہ کو تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو شکست دیتا ہے تو وہ ویسٹ انڈیز (88) کو 92 پوائنٹس پر پیچھے چھوڑ کر ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر چلا جائے گا۔اس کے علاوہ سری لنکا کو یہ امید کرنی ہوگی کہ جنوبی افریقہ اس ہفتے ہالینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچوں میں سے صرف ایک ہی جیت سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ (78) اس وقت ٹیبل میں 10 ویں نمبر پر ہے اور اگر وہ نیدرلینڈز کے خلاف اپنے دونوں میچ جیت لیتا ہے تو براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ میچ کی منسوخی کی وجہ سے پہلا میچ جیتنے والے نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0 کی غیر مفتوح برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا آخری میچ جمعہ کو ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلا جائے گا۔

 

Related Articles