رشبھ پنت کے لئے آئی پی ایل ۔13 فیصلہ کن ثابت ہوگا
دبئی،ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب وکٹ کیپر بلےباز مہندر سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کے بعد اب ان کے متبادل کے طور پر سبھی کی نظریں نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت پر ٹکی ہیں۔
ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ، نائب کپتان روہت شرما اور پنت کی آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپٹلس کے چیف کوچ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے پنت کی مسلسل حمایت کی ہے لیکن گزشتہ سال کے بین الاقوامی اعداد وشمار پنت کی حمایت نہیں کرپارہے ہیں۔
گذشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پنت نے 11 ٹی ٹونٹی اننگز میں صرف ایک نصف سنچری اسکور کی ہے اور وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کرسکے ہیں ۔ پنت نے اپنے 16 ون ڈے کیریئر میں صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔