طلاق کے بعد نام تبدیل نہ کرنے کے مشورے ملے، ملائکہ اروڑہ
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑہ نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد لوگوں نے اْنہیں اپنا نام تبدیل نہ کرنے کے مشورے دیے۔ملائکہ اروڑہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں طلاق کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔اْنہوں نے بتایا کہ مجھے اپنی زندگی میں اپنے نام کے ساتھ مشہور کنیت ’خان‘ کی موجودگی کی وجہ سے بہت سارے فائدے ہوئے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ میں اس نام پر ہمیشہ کے لیے انحصار کرسکتی ہوں۔اْنہوں نے مزید بتایا کہ کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ میں اپنی زندگی میں جو کچھ کرنا چاہتی تھی وہ مجھے میرے نام کی وجہ سے ملا، البتہ یہ حقیقت ہے کہ میرے نام کی وجہ سے میرے بہت سے راستے آسان ہوئے لیکن میں سوچتی ہوں کہ مجھے اب اپنی شادی کے بعد ملنے والے اس مشہور نام کے بغیر کام کرنا ہوگا۔ملائکہ اروڑہ نے بتایا کہ مجھے طلاق کے بعد بہت سارے لوگوں نے کہا کہ مجھے اندازہ نہیں ہے کہ میرے نام کے ساتھ مشہور کنیت ’خان‘ کی موجودگی کی میری زندگی میں کیا اہمیت ہے اور میں اپنا نام تبدیل کرکے سب سے بڑی غلطی کر رہی ہوں۔اْنہوں نیکہا کہ میں اپنے سابق سسرال کی بہت عزت کرتی ہوں کیونکہ اْنہوں نے مجھے بہت پیار دیا، میرا ایک بیٹا ہے جس کی وجہ سے میں آج بھی اس خاندان کا ایک حصّہ ہوں لیکن مجھے اب اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑہ نے سال 1998ء میں اداکار و فلم ساز ارباز خان سے شادی کرنے کے بعد اْنہیں انڈسٹری میں ’ملائکہ اروڑہ خان‘ کے نام سے شہرت حاصل ہوئی، دونوں کے ہاں 2002ء میں بیٹے ارہان خان کی پیدائش ہوئی پھر 19 سال شادی رہنے کے بعد ان کی طلاق 2017ء میں ہوگئی۔طلاق کے بعد اپنا نام ’ملائکہ اروڑہ خان‘ سے دوبارہ ’ملائکہ اروڑہ‘ میں تبدیل کرلیا۔