سلمان خان کی وجہ سے پہچانے جانے پر ارباز خان پریشان
ممبئی،نومبر۔بھارتی اداکار ارباز خان اپنے بھائی سلمان خان اور اپنی اہلیہ (جو اب سابقہ اہلیہ ہیں) کی وجہ سے پہچانے جانے پر پریشان رہا کرتے تھے۔ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ارباز خان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب وہ اپنے بھائی اور ملائیکا اروڑا کے رشتوں سے پہچانے جانے پر محتاط رہا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنے ماضی کو دیکھتے ہیں تو سوچتے ہیں ان سب کا کوئی مطلب نہیں تھا۔ ارباز خان کا کہنا تھا کہ مجھے پریشانی ہوا کرتی تھی جب مجھے سلیم خان کا بیٹا، سلمان خان کا بھائی اور حتیٰ کے ایک موقع پر ملائیکا اروڑا کا شوہر کہہ کر پکارا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’جس دن آپ خود سے توثیق حاصل کرنا سیکھیں گے، آپ اپنے وجود کے بارے میں حقیقی طور پر خوش ہوں گے۔‘اداکار کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو اپنے آپ کا انتخاب کرنا چاہیے نہ کہ کروڑوں لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ارباز خان کا ماننا ہے کہ آپ پوری زندگی کسی اور کی کامیابی کے سہارے اپنا وقت نہیں گزار سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے بھی اپنی زندگی میں بہت اچھی فلمیں کی ہیں جن میں دبنگ جیسی فلمیں بھی شامل ہیں۔ اگر ایسا ہے تو مجھے ریٹائر ہونا چاہیے تھا؟‘