ثناء خان اور مفتی انس نے ننھے مہمان کی آمد کے حوالے سے اعلان کر دیا

ممبئی،مارچ۔اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان اور ان کے شوہر مفتی انس نے جلد ایک ننھے مہمان کی آمد کے حوالے سے اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتی انس نے جلد ننھے مہمان کی آمد کے حوالے سے اعلان کیا۔شو کے دوران ثناء خان نے اپنے ماضی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے دعا اور اس کی قبولیت کے حوالے سے بتایا کہ میں نے اکثر لوگوں کو یہ کہتے سْنا ہے کہ اللہ ان کی دعا قبول نہیں کر رہا، ان کی دعائیں قبول نہیں ہوتیں، تو میں ایسے افراد کے ساتھ اپنا قصہ شیئر کرنا چاہوں گی کہ میں جب بالی ووڈ میں کام کرتی تھی، ان دنوں ایک بار حرم شریف میں یوں ہی بیٹھی تھی کہ اچانک میرے دل سے دعا نکلی کہ اے اللہ میری جب اولاد ہوگی تو میں اسے عالِم بناؤں گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے نہیں پتا تھا کہ میں اسلام کے لئے بالی ووڈ کو چھوڑ دؤں گی، میری وہ دعا اتنے برسوں بعد اب تک قبول نہیں ہوئی انشاللہ آگے یہ ضرور قبول ہوگی۔ثناء خان کے اس تذکرے پر شو کے میزبان نے ننھے مہمان کی آمد کے حوالے سے سوال کیا جس کا جواب دیتے ہوئے مفتی انس نے کہا کہ ’میں نے یہ بات پہلے کسی اور شو میں نہیں کہی آپ کے شو میں بتا رہا ہوں کہ انشا اللہ حج کے دنوں میں ہمارے یہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے‘۔ثناء خان نے مزید کہا کہ ماں بننا ان کے لئے ایک بہت خوبصورت احساس ہے اور وہ جذباتی طور پر بھی اس احساس سے بیحد جْڑی ہوئی ہیں کیونکہ انہیں زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے میزبان کے سوال پر بتایا کہ ان کے یہاں جڑواں بچے نہیں ہیں صرف ایک ہی ہے اور وہ اسے اپنی باہوں میں لینے کے لئے بیقرار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال جون میں ان کے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔یاد رہے کہ فروری کے اوائل میں ثناء خان نے عمرے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’الحمد اللہ بہت خوش ہوں، یہ عمرہ کچھ وجوہات کے باعث بہت بہت خاص ہے، جو بہت جلد سب کے ساتھ شیئر کروں گی‘۔

Related Articles