اسٹارک کا پنجہ، ہندوستان 117 رنز پر ڈھیر
وشاکھاپٹنم، مارچ ۔آسٹریلیا نے مچل اسٹارک (53/5) کی گیند پر ہندوستان کو دوسرے ون ڈے میں اتوار کو 117 رن پر آؤٹ کر دیا۔بھارت کی جانب سے وراٹ کوہلی نے 35 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل 29 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ میزبان ٹیم کے سات بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے۔اسٹارک نے پچ پر پائی جانے والی سوئنگ کا خوب فائدہ اٹھایا، آٹھ اوورز میں 53 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں نویں مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شان ایبٹ نے چھ اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیتھن ایلس نے پانچ اوورز میں 13 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے دو دن تک بارش سے بھیگی وشاکھاپٹنم کی پچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسٹارک نے کپتان اسٹیو اسمتھ کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں صفر رنز کے اسکور پر شبھمن گل کو پویلین بھیج دیا۔